تعمیر دربار:۔
ایلاف ‘پی کے رنگ’ آپ کے ہاتھوں میں ہے جس کی جلد کا رنگ سفید مقرر ہو گیا ہے۔ جب ہم ‘پی کے سنگ’ تھے تو وجودی اتحاد کی بنیاد پر تمام رنگ حالت جذب میں تھے، لہذا ‘پی کے سنگ’ کی جلد سیاہ رنگ ہو گئی تھی۔ وجہ یہ تھی کہ جہاں سب رنگ مجتمع ہو جائیں وہ سطح سیاہ نظر آتی ہے۔ اور اگر تمام رنگ پھیل کر کائنات میں ضیا پاشی کریں تو ہر طرف نور کی سفیدی بکھر جاتی ہے، اس لئے ‘پی کے رنگ’ کو سفیدی مائل جلد میسر آ گئی ہے۔ ہونے کو روشنی سات رنگوں کی قوس قزح ہی ہے، جذب ہو جائے تو سیاہ اور منعکس ہو کر پھیل جائے تو سفید ہو جاتی ہے، جبکہ کسی پاکیزہ وجود میں سے گزرتے ہوئے اگر عمل انعطاف میسر آجائے تو ساتوں رنگ الگ الگ بھی نظر آسکتے ہیں۔